پنجاب بھر میں عشرہ محرم کے دوران سخت سکیورٹی انتظامات، 60 ہزار سے زائد اہلکار تعینات

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) عشرہ محرم الحرام کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں آج 1377 عزاداری جلوس اور 3869 مجالس منعقد کی جا رہی ہیں، جن کی سکیورٹی کے لیے 60 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

لاہور میں آج 98 جلوس برآمد ہوں گے جبکہ 435 مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان کی سکیورٹی کے لیے پولیس کے ساتھ 27 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکار بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ عشرہ محرم کے دوران صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور تمام اضلاع میں جامع سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ دفعہ 144 پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، جبکہ ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی عائد ہے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق طے شدہ روٹس اور مقررہ مقامات کے علاوہ کسی بھی مقام پر جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ امن و امان کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button