میرپورخاص:ایم ایس ڈاکٹر پیر غلام نبی شاہ جیلانی کا بھیس بدل کرہسپتال میں چھاپہ

میرپورخاص(نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)سول ہسپتال میں انتظامی خامیوں اور طبی عملے کی غفلت کے خاتمے کیلئے ایم ایس ڈاکٹر پیر غلام نبی شاہ جیلانی متحرک ہو گئے۔
ایم ایس ڈاکٹر پیر غلام نبی شاہ جیلانی نے رات گئے بھیس بدل کر اسپتال کے مختلف شعبوں، وارڈز، او پی ڈی، لیبارٹری، ایمرجنسی اور دیگر اہم یونٹس کا دورہ کیا دورے کے دوران ایم ایس ڈاکٹر پیر غلام نبی شاہ جیلانی نے صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کو انتہائی غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اسپتال کے کئی شعبوں میں کوڑا نہ اٹھایا گیا تھا جبکہ وارڈز میں گندگی اور بدبودار ماحول دیکھنے میں آیا انہوں نے صفائی کے انچارج اور متعلقہ اسٹاف کو فوری طور پر صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی اس موقع پر ایم ایس نے مختلف وارڈز میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا کئی ڈاکٹرز اور ٹیکنیکل اسٹاف ڈیوٹی کے وقت موجود نہ تھے جبکہ بعض شعبوں میں عملے کی عدم دلچسپی اور مریضوں کے ساتھ عدم تعاون کی شکایات سامنے آئیں ایم ایس نے موقع پر ہی غیر حاضر اور لاپرواہی کے مرتکب اسٹاف کو سخت وارننگ جاری کی ڈاکٹر پیر غلام نبی شاہ جیلانی نے واضح کیا کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اسپتال کی اولین ترجیح ہے اس لئے غفلت، بدانتظامی اور غیر ذمہ داری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی میں غفلت، لاپرواہی اور غیر حاضری میں ملوث ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی اسٹاف اپنی ذمہ داریوں سے غفلت نہ برت سکے عوامی حلقوں نے ایم ایس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے اچانک معائنوں سے اسپتال کی کارکردگی بہتر ہو گی اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی۔



