مسٹر بیسٹ کی ریاض سیزن ویڈیو نے چند دنوں میں 7.2 کروڑ ویوز حاصل کر لیے

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)سعودی عرب میں امریکی یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کی ریاض سیزن 2025 کے دوران فلمائی گئی پہلی ویڈیو نے چند ہی دنوں میں کروڑوں صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرلیا، ویڈیو کو اب تک ساڑھے 7 کروڑ سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں۔
عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کی اس ویڈیو نے ریلیز کے بعد مختصر مدت میں تقریباً 7 کروڑ 20 لاکھ ویوز حاصل کر لیے ہیں۔ ویڈیو میں مختلف ممالک کے 100 پائلٹس نے 24 لاکھ ڈالر مالیت کے پرائیویٹ جیٹ کے لیے منفرد اور مسابقتی چیلنجز میں حصہ لیا تھا۔
یہ انداز مسٹر بیسٹ کی روایتی، بڑے پیمانے پر فلمائی گئی اور بھاری انعامات پر مبنی ویڈیوز کا تسلسل ہے، جنہوں نے انہیں عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔
ریاض سیزن کے منتظمین کے مطابق مسٹر بیسٹ کے ساتھ یہ اشتراک اس تہوار کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی اہمیت کا ثبوت ہے۔ یوٹیوبر جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ جو2012 سے ویڈیوز تخلیق کررہے ہیں، آج ان کا شمار450 ملین سے زائد سبسکرائبرز کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے آن لائن کریئیٹرز میں ہوتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ان کی کامیابی کے ساتھ تنازعات بھی جڑے ہوئے ہیں، ان کے ریئلٹی شو“The Beast Games”پر کام کرنے والوں نے مبینہ طور پر غیر محفوظ ماحول، ہراسانی اور واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق مقدمات دائر کیے، جن کو یوٹیوبر کی جانب سے مسترد کیا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ریاض سیزن کی یہ شراکت سعودی دارالحکومت ریاض کو عالمی سطح پر ایک بڑی تفریحی منزل کے طور پر مستحکم کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔



