سانحہ گل پلازہ پر ایم کیو ایم کا بڑا فیصلہ، خالد مقبول صدیقی کا وزیراعظم کو ہنگامی خط، اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر تعلیم اور ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے سانحہ گل پلازہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کروانے کیلیے وزیراعظم کو ہنگامی خط ارسال کردیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز سے جاری اعلامیہ کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیرِ تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم پاکستان کو ایک ہنگامی مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے سانحہ گل پلازہ کی "پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ” کے تحت اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خط میں موقف اختیار کیا کہ سانحے کو سات روز گزرنے کے باوجود کئی لوگ لاپتہ ہیں اور 12 ہزار سے زائد متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی لاشوں کے منتظر ہیں، جبکہ 100 سے زائد اموات اور اربوں کے مالی نقصان کی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت، میئر کراچی اور ایس بی سی اے (SBCA) کی مجرمانہ غفلت پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف آئی اے، نیب اور حساس اداروں پر مشتمل ایک غیر جانبدار کمیشن تشکیل دیا جائے اور وفاق کے زیرِ انتظام "ریلیف اور بحالی فنڈ” قائم کیا جائے۔

​دوسری جانب مرکزِ بہادر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ارکانِ مرکزی کمیٹی و وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی کو آئین کے آرٹیکل 148 اور 149 کے تحت فوری طور پر وفاق کے حوالے کیا جائے یا اسے دارالخلافہ تسلیم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button