دھند کا راج، موٹرویز متعدد مقامات سے ٹریفک کیلئے بند

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد موٹرویز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو (M-2) پر لاہور سے کوٹ مومن تک گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم تھری (M-3) فیض پور سے درخانہ تک جبکہ ایم فور (M-4) پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ موٹروے ایم فائیو (M-5) ملتان سے روہڑی اور ایم الیون (M-11) لاہور سے سمبڑیال تک بھی گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہے۔ قومی شاہراہ پر لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال اور احمد پور شرقیہ میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

دوسری جانب میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے جس کے باعث معمولاتِ زندگی اور سفری نظام متاثر ہو رہا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسمی حالات کے پیش نظر دن کے اوقات میں سفر نسبتاً محفوظ ہے اور ڈرائیور حضرات دورانِ سفر فوگ لائٹس اور کم رفتار کا خاص خیال رکھیں۔

مزید خبریں

Back to top button