مراکش:7 سالہ خشک سالی کے بعد طوفانی بارش، سیلاب نے تباہی مچادی،37افراد ہلاک

مراکش(جانوڈاٹ پی کے)مراکش میں شدید بارشوں کے سبب سیلاب سے درجنوں افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مراکش کے بحر اوقیانوس کے ساحلی صوبے صافی میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب میں کم از کم 37 افراد ہلاک ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مراکش کو 7 سال کی خشک سالی کے بعد اٹلس کے پہاڑوں پر شدید بارش اور برف باری کا سامنا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے کئی افراد لاپتا ہوگئے جن کی تلاش کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے جب کہ مختلف حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد بھی دی جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنگامی صورتحال کے سبب اسکولوں کو 3 روز کیلئے بند کردیا گیا جس کے باعث تعلیمی نظام بھی متاثر ہوا ہے جب کہ کم از کم 70 مکانات اور دکانیں بھی سیلاب کی زد میں آگئیں۔۔



