ملک بھر میں مون سون کی برسات، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیرِ آب

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پنجاب کے متعدد شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں نے شدید گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا۔ تاہم کئی علاقوں میں سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرِ آب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور رم جھم سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شیخوپورہ، مریدکے، کاہنہ اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی مون سون نے خوب رنگ جمایا، جہاں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی اور حبس میں نمایاں کمی آئی۔

گجرات میں مون سون کی پہلی بارش نے شہر کو جل تھل کر دیا۔ جیل چوک، کچہری چوک سمیت کئی علاقوں کی سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں، جبکہ کئی فٹ پانی جمع ہونے سے ٹریفک متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

گوجرانوالہ اور گردونواح میں بھی مسلسل بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم سیٹلائٹ ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، پیپلز کالونی، حافظ آباد روڈ اور چندہ قلعہ سمیت متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

ادھر ڈیرہ غازی خان میں موسلا دھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث حبس کا خاتمہ ہو گیا، جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے۔ یونیورسٹی روڈ انڈر پاس میں پانی جمع ہونے سے بی آر ٹی بس سروس کی مرکزی راہداری پر سروس معطل رہی، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی طرح صوابی میں رات بھر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہونے پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کے قریب احتیاط برتیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

مزید خبریں

Back to top button