بارشوں نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں مزید 19 افراد جاں بحق، ہلاکتیں 97 ہو گئیں

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی۔ مختلف شہروں میں چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے، ڈوبنے اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں مزید 19 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ 26 جون سے اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 97 تک پہنچ گئی ہے۔

لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں گھر کی چھت گرنے سے میاں، بیوی اور ان کی بیٹی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک اور بیٹی زخمی ہو گئی۔

گجرات میں مکان کی چھت گرنے سے تین بہن بھائی جاں بحق ہو گئے، جن کی شناخت 15 سالہ علی، 14 سالہ ایمان اور 13 سالہ فلک شیر کے ناموں سے ہوئی۔

قصور میں چھت گرنے سے 7 سالہ بچے سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ حجرہ شاہ مقیم میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے درسمند میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دو سگے بھائی جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔

قصور کے علاقے راجہ جنگ میں بارش کے جمع شدہ پانی میں ڈوب کر 10 سالہ سعد اور 11 سالہ احسان جاں بحق ہو گئے۔

بہاولنگر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جان سے گیا، جبکہ اوکاڑہ میں بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے کے باعث 7 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ ڈسکہ میں بھی بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے پانچ بچوں کا باپ زندگی کی بازی ہار گیا۔

شیخوپورہ میں مسافر بس پر ہائی وولٹیج بجلی کی تار گرنے سے بس کا کنڈیکٹر جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب عمرکوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہو گیا، جبکہ تھرپارکر میں ایک شخص پانی میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا۔

مسلسل بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں کچے اور خستہ حال مکانات، بجلی کے نظام اور نشیبی علاقوں میں جمع پانی شہریوں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button