مولانا فضل الرحمان آج لیاری میں تحفظ دینی مدارس کانفرنس سے خطاب کریں گے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اتوار 21 دسمبر کو لیاری میں تحفظ دینی مدارس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
ترجمان جے یو آئی سمیع سواتی کے مطابق مولوی عثمان پارک لیاری میں تحفظ دینی مدارس کانفرنس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، تحفظ دینی مدارس کانفرنس میں وفاق المدارس العربیہ کے صدر مفتی محمد تقی عثمانی بھی خصوصی شرکت کریں گے۔
جے یو آئی سربراہ 22 دسمبر کو کراچی میں اتحادِ امت سیمینار جبکہ 23 دسمبر کو لاڑکانہ میں جامعہ اشاعت القرآن والحدیث کانفرنس اور 24 دسمبر کو منزل گاہ سکھر میں تحفظ مدارس دینہ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، تینوں اجتماعات کی صدارت صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی کریں گے۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کا لیاری جلسہ کراچی کی سیاسی و دینی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، کراچی ساؤتھ آمد پر جے یوآئی کارکنان مولانا فضل الرحمان کا شاندار استقبال کریں گے۔



