حکومت کی درخواست پر مولانا فضل الرحمان نے جمعہ کو ہونیوالا احتجاجی مظاہرہ امن مذاکرات کے پیشِ نظر مؤخر کردیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)کل سے اسلام آباد میں امریکااور ایران کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات کے پیشِ نظر، جذبۂ خیرسگالی کے تحت بروز جمعہ ہونے والے مظاہرے مؤخر کر دیے۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا پیغام لے کر ایک اہم وفد، جس میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی، رانا ثناء اللہ اور طارق فضل چوہدری شامل تھے۔جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچا۔ وزیراعظم پاکستان نے جمعیت علمائے اسلام سے درخواست کی کہ کل سے اسلام آباد میں ایران، امریکہ سمیت دنیا بھر سے مہمان آ رہے ہیں اور جنگ بندی کے لیے مذاکرات کو حتمی شکل دینے کی کوشش مزید آگے بڑھائی جائے گی، لہٰذا جمعیت علمائے اسلام جمعہ کے روز اعلان کردہ مظاہرے ملتوی کرے تاکہ دنیا کو ایک مثبت پیغام دیا جا سکے۔ مولانا فضل الرحمان نے حکومتی وفد کو پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام میں پائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرول کی قیمت کم کی جائے۔ جس پر حکومتی وفد نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ چند روز میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔ امیر جےیوآئی مولانا فضل الرحمان نے جماعتی احباب سے مشاورت کے بعد اس یقین دہانی پر کہ جلد عوامی خدشات کو دور کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی، اور اسلام آباد میں ہونے والے امن مذاکرات کے لیے جذبۂ خیرسگالی کے تحت بروز جمعہ ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔ مزید برآں، 12 اپریل 2026 کو مردان میں ہونے والے جلسۂ عام میں شرکت کی عوام سے اپیل کی، جہاں آئندہ کے لائحۂ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ دعا ہے کہ اللہ پاک ہمارے ملک سمیت عالمِ اسلام کو امن و سلامتی نصیب فرمائے۔ میڈیا سیل جےیوآئی پاکستان



