پاکستان دہشت گردی کے خلاف دنیا کے لیے ڈھال ہے ،محسن نقوی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف دنیا کے لیے ایک مضبوط ڈھال کا کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی امن کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی اور یورپی کمشنر میگنس برنر نے رابطہ کیا اور اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردانہ حملے میں جانی نقصان پر دلی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اطالوی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ المناک واقعے کی خبر سن کر گہرا دکھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کی حکومت اور ان کی جانب سے متاثرین کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی ہے اور اٹلی مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اٹلی ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
یورپی کمشنر میگنس برنر کا کہنا تھا کہ ان کی دعائیں متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں اور یورپی یونین دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اطالوی وزیر داخلہ اور یورپی کمشنر کا اظہارِ یکجہتی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد نہ صرف ملکی بلکہ عالمی امن کے لیے ہے، اور آج دنیا کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مضبوط اور مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔



