دہشتگرد معصوم نمازیوں کے دشمن ہیں، ملوث عناصر جلد گرفتار ہونگے، محسن نقوی
دہشت گردوں کا پاک سرزمین سے خاتمہ کر کے دم لیں گے، طلال چوہدری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دبئی سے واپسی کے بعد سیدھے اسلام آباد میں واقع ترلائی امام بارگاہ پہنچے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے امام بارگاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی ہمراہ تھے۔ وزیر داخلہ، وزیر مملکت، سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے امام بارگاہ میں مغرب و عشاء کی نماز ادا کی اور ایک گھنٹے تک وہاں موجود رہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی جبکہ ملک میں امن، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے خودکش دھماکے کی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی امام بارگاہ کے منتظمین سے ملاقات ہوئی جس میں دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ معصوم نمازیوں اور مساجد پر حملے کرنے والے خارجی سفاک درندے ہیں۔ وزیر داخلہ نے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور چیئرمین سی ڈی اے کو امام بارگاہ کی جلد از جلد مکمل بحالی کی ہدایت کی۔
دہشت گردوں کا پاک سرزمین سے خاتمہ کر کے دم لیں گے، طلال چوہدری
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے عناصر کو غیر ملکی پشت پناہی حاصل ہے، دشمن پاکستان کے امن، یکجہتی اور ترقی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں تاہم قوم ان کے خلاف متحد ہے۔ وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ دہشت گردوں کا پاک سرزمین سے خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔



