نامکمل یا غیر تصدیق شدہ دستاویزات والے مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں، محسن نقوی

جناح ائیرپورٹ پر وزیر داخلہ کی سختی، پاکستان کی عزت کو ترجیح، بھکاریوں کے سفر پر پابندی

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نامکمل یا بغیر تصدیق شدہ دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو کسی صورت سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا اور کاؤنٹرز پر امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات چیک کیں اور ایف آئی اے حکام سے تصدیق کروائی۔

وزیر داخلہ نے خاص طور پر اے ایس آئی عامر لاشاری کی حوصلہ افزائی کی، جنہوں نے نامکمل دستاویزات رکھنے والے 3 مسافروں کو سفر سے روک کر فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسافروں کی آڑ میں پیشہ ور بھکاریوں کو ہرگز بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی عزت ہماری اولین ترجیح ہے، کسی بھی صورت حرف نہیں آنے دیں گے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ درست دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو کسی بھی طرح کی پریشانی نہیں ہوگی اور انہوں نے بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے امیگریشن پراسیس کے بارے میں بھی سوالات کیے۔

مزید خبریں

Back to top button