انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم کو اشتعال دلایا، آئی سی سی کو آگاہ کریں گے، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےکہا ہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی کھلاڑی پاکستانی پلیئرز کو اشتعال دلاتے رہے، اس متعلق آئی سی سی کو آگاہ کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم کی جانب سے ایشین انڈر 19چیمپئن ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیاست اور کھیل کو الگ رکھنا چاہیے، کل پھر بھارتی کھلاڑی اشتعال دلاتے رہے، اس متعلق آئی سی سی کو آگاہ کر رہے ہیں۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مینٹور سرفراز احمدکا کہنا تھا کہ بھارت کا رویہ کھیل کے حوالے سے بالکل اچھا نہیں تھا، بھارتی ٹیم نے غیراخلاقی رویہ اپنایا، ہم نے جیت کی خوشی اسپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ منائی، ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا، ٹیم ورک دکھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ میں مقابلے کے ساتھ ساتھ اخلاقیات اور احترام کو ہمیشہ سب سے اوپر رکھنا چاہیے۔
خیال رہے کہ اتوار کو دبئی میں کھیلےگئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔



