خاران آپریشن میں 7 دہشتگرد ہلاک، محسن نقوی کی سکیورٹی فورسز کو شاباش

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے خاران میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے بلوچستان میں قیام امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی نمایاں کامیابیوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم یکسو اور متحد ہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے سکیورٹی فورسز کے عزم اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button