سعودی ولی عہد کا یو اے ای صدر اور قطر کے امیر سے ٹیلیفونک رابطہ ، کشیدگی فوری ختم کرنے پر زور

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور قطر کے امیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حالیہ ایرانی حملوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی برادر ممالک کی سرزمین کو نشانہ بنانے والے ایران کے حملوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان حملوں کی شدید مذمت کی اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ سعودی عرب کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا۔
قطر کے امیر کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفون، کشیدگی فوری ختم کرنے پر زور
قطر کے امیر نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور خطے میں جاری صورتحال اور اس کے علاقائی و بین الاقوامی سلامتی پر مرتب ہونے والے اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران قطر اور سعودی عرب دونوں نے کشیدگی کے فوری خاتمے اور مذاکرات کی میز پر واپسی کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی عرب نے قطر کی سرزمین کو ایرانی بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنائے جانے کی سخت مذمت کی اور قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا۔
سعودی عرب نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ قطر کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا پختہ عزم رکھتا ہے۔



