اپنی زمین اور فضائی حدود ایران کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، سعودی ولی عہد

تہران(جانوڈاٹ پی کے) خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے گفتگو کے دوران کہا کہ ایران ہمیشہ بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے جنگ کے خاتمے اور تنازعات سے بچاؤ کی کوششوں کا حامی رہا ہے، اور اب بھی کشیدگی کم کرنے کے کسی بھی اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے۔

ایرانی صدر نے امریکا کی جانب سے جاری دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی بیانات اور نفسیاتی دباؤ سے خطے میں عدم استحکام کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات علاقائی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔

مسعود پزشکیان نے زور دیا کہ اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون ہی خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کی مضبوط ضمانت بن سکتا ہے۔

اس موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے واضح کیا کہ سعودی عرب ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت اور اشتعال انگیزی کو مسترد کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کا حامی ہے۔

واضح رہے کہ یہ رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی بحریہ کا یو ایس ایس ابراہم لنکن ایئرکرافٹ کیریئر اور اس کے ہمراہ دیگر جنگی جہازوں پر مشتمل بحری بیڑا مشرقِ وسطیٰ پہنچ چکا ہے، جس سے علاقائی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button