کراچی: ڈیفنس میں موبائل شاپ پر ڈکیتی، 90 لاکھ مالیت کے فونز چھین لیے گئے، وزیر داخلہ کا نوٹس

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی کے علاقے ڈیفنس بدر کمرشل کے قریب موبائل فون شاپ میں گھس کر ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کے 40 سے زائد موبائل فونز لوٹ کر فرار ہوگئے، وزیر داخلہ سندھ نے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے رپورٹ طلب کرلی۔
صدرکراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن منہاج گلفام بھی لٹنے والی موبائل فون شاپ پر پہنچ گئے اور اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ دکاندار کے مطابق ڈاکو 90 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 40 سے زائد موبائل فون چھین کر فرار ہوئے ہیں۔
انھوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے لوٹے گئے موبائل فونز برآمد کرائے جائیں۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی ساؤتھ سے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر داخلہ سندھ نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں اور تاجروں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر داخلہ سندھ نے ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور لوٹے گئے موبائل فونز کی جلد برآمدگی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید تفتیشی ٹیکنالوجی اور پروفیشنل پولیسنگ کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں جبکہ واردات میں ملوث سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ضیاء الحسن لنجار نے مزید ہدایت کی کہ ڈکیتی کے واقعات میں ملوث گروہوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کا اعتماد بحال کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ساؤتھ کو ہدایت کی ہے کہ تفتیش کی پیش رفت سے باقاعدگی سے دفتر کو آگاہ رکھا جائے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کی مدد لی جا رہی ہے۔



