ڈی سی مٹیاری کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی فار نیشنل ایکشن پلان کا اہم اجلاس

ھالا (رپورٹ امجد راجپوت،نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی صدارت میں مٹیاری ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی فار نیشنل ایکشن پلان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں قومی ایکشن پلان کے تحت جاری کام، اقدامات اور مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی، مختلف محکموں کی رپورٹس، افغان باشندوں سے متعلق رپورٹ، سی پیک منصوبے کی سیکیورٹی اور قومی ایکشن پلان کے تحت مقرر کی گئی ذمہ داریوں پر مجموعی طور پر غور کیا گیا۔ متعلقہ تمام اداروں نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق پیش رفت رپورٹس پیش کیں اور آئندہ کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی کے حوالے سے تجاویز دیں۔
اجلاس میں ہوم ڈپارٹمنٹ سے موصول ہدایات — جن میں غیر قانونی بیرونی اشیاء جیسے سگریٹ وغیرہ کے سائبر پیغامات، بجلی چوری، ضلع کے تمام علاقوں میں جانچ، نگرانی، سیکیورٹی، انتظامی اقدامات اور عوامی تعاون کو مزید مؤثر بنانے — پر زور دیا گیا تاکہ قومی ایکشن پلان کے تحت مقرر اہداف حاصل کیے جاسکیں۔
اجلاس میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نور احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو مٹیاری اقراء جنّت، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبدالستار شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر، ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف حسین شاہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔



