سندھ سرکار کی جانب سے مٹھی میں کھلی کچہری، شکایتوں کے انبار لگ گئے

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) سرکٹ ہاؤس مٹھی، ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر سندھ جناب احسان مزاری کی جانب سے عوامی مسائل سننے اور ضلع تھرپارکر کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا.
کچہری کا مقصد ضلع میں درپیش مسائل، انتظامی مشکلات، عوامی شکایات اور ترقیاتی امور پر براہِ راست عوام سے رائے لینا اور فوری احکامات جاری کرنا تھا۔
کچہری میں صوبائی، قومی اور ضلعی سطح کی پارٹی رہنماؤں اور افسران نے بھرپور شرکت کی، جن میں
ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملاڻي، ایم پی اے کٹومل جیوڻ، سینیٹر پونجو بھیل، ایم این اے امیر علی شاہ جیلانی، ایم پی اے رانا ہمیر سنگھ سوڈھا، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی، ایس ایس تھرپارکر شعیب میمڻ،
اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف، ضلع چیئرمین غلام حیدر سمیجو، سماجی رہنما سشیل ملاڻي، ضلع تھرپارکر کے تمام ضلعی افسران شریک ہوئے۔
تمام افسران نے عوامی مسائل کو نوٹ کیا اور مختلف محکموں کے تحت آنے والی شکایات پر موقع پر کارروائی اور احکامات جاری کیے۔
کچہری کے دوران مختلف دیہات اور علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں نے درج ذیل اہم مسائل پیش کیے:
پانی کی قلت اور واٹر سپلائی لائنوں کی خرابی، صحت کے شعبے میں سہولیات کی کمی، اسکولوں میں اساتذہ کی قلت اور تعلیمی مسائل، سڑکوں کی خستہ حالی اور نقل و حمل کی دشواریاں، بیروزگاری اور سرکاری محکموں میں عملے کی کمی،
تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی میں رکاوٹیں
افسران نے تمام شکایات نوٹ کرکے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
اس عوامی کچہری کا بنیادی مقصد تھرپارکر کے مسائل کی براہِ راست نشاندہی اور فوری حل کے لیے مؤثر رابطے کو یقینی بنانا تھا۔
کچہری کے دوران متعدد مسائل پر موقع پر احکامات صادر کیے گئے اور عوام کو یقین دلایا گیا کہ ان کی شکایات پر جلد از جلد عملدرآمد ہوگا۔



