مٹھی: پولیو کے خلاف آگاہی سیشن، صحت، صفائی اور سماجی ذمہ داریوں پر روشنی، بچوں میں مقابلے

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی تعلقہ کے گاؤں موکھر میں نوجوانوں کی متحرک تنظیم ایم وائی ایف (MYF) کے زیرِ اہتمام صحت، صفائی اور پولیو سے آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک جامع اور مؤثر سیشن منعقد کیا گیا۔
اس سیشن کا بنیادی مقصد گاؤں کے رہائشیوں بالخصوص والدین، نوجوانوں اور بچوں میں صحت مند طرزِ زندگی، صفائی کی اہمیت اور پولیو جیسی خطرناک بیماری کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔
آگاہی سیشن میں خصوصی مہمان کے طور پر ڈاکٹر مس کرن مہیشوری (سماجی کارکن) اور این ای ڈی یونیورسٹی کے استاد قیمت راہی نے شرکت کی۔ مہمانوں نے اپنے خطاب میں صفائی، ذاتی صحت اور سماجی ذمہ داریوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ صاف ستھرا ماحول ہی ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔
سیشن کے دوران کم عمر بچوں کے لیے مختلف تعلیمی اور دلچسپ سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں سوال و جواب، تصویری سرگرمیاں اور صفائی سے متعلق عملی مشقیں شامل تھیں۔ ان سرگرمیوں میں بھرپور شرکت اور بہتر کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جس سے بچوں میں خوشی کے ساتھ سیکھنے کا جذبہ مزید بڑھ گیا۔
جبکہ بڑوں کو پولیو بیماری کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں، جن میں پولیو کے اسباب، نقصانات، ویکسین کی اہمیت اور بچاؤ کے طریقوں پر آگاہی دی گئی۔ والدین پر زور دیا گیا کہ وہ ہر پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو لازمی ویکسین پلائیں۔
پروگرام میں گاؤں موکھر کے لڑکوں اور لڑکیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیشن کے اختتام پر ایم وائی ایف تنظیم کی جانب سے تعلیمی میدان میں ایک اہم قدم کے طور پر گورنمنٹ ہائی اسکول موکھر کو پانچ کمپیوٹر دینے کا اعلان بھی کیا گیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
آخر میں مہمانوں نے ایم وائی ایف کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی آگاہی اور تعلیمی مہمات دیہی ترقی، نوجوانوں کے مثبت کردار اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے نہایت اہم ہیں، اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے پروگرام جاری رکھے جائیں گے۔



