مٹھی میں8فروری کو آرٹ اسٹوڈیو کا افتتاح اور فن پاروں کی نمائش

مٹھی(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)

ضلع تھرپارکر کے ہیڈ کوارٹر شہر مٹھی میں تھر آرٹ اسٹوڈیو کے زیرِ اہتمام آرٹ نمائش اور افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں تھر کے مقامی فنکاروں اور طلبہ کے فن پاروں کی نمائش پیش کی جائے گی۔

ڈی ایچ او آفس کے قریب یہ نمائش 8 اور 9 فروری کو منعقد ہوگی، جس کا مقصد تھر کے باصلاحیت فنکاروں کو اپنے فن کے اظہار کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس نمائش میں تھر کے تمام باصلاحیت آرٹسٹوں کو اپنے فن پارے پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔

یہ نمائش تھر کی ثقافت، شناخت اور تخلیقی اظہار کو اجاگر کرنے کا ایک اہم اور یادگار موقع ہے۔ تھر آرٹ اسٹوڈیو ایک مضبوط اور باوقار پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے، جس کے ذریعے آرٹ سے محبت رکھنے والے افراد، طلبہ اور فن سے وابستہ حلقوں کے درمیان روابط میں اضافہ ہوگا، فن کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ ملے گا، اور تھر کی لوک شناخت بھی عالمی سطح پر متعارف ہوگی۔نمائش میں ڈرائنگ، پینٹنگ، مجسمہ سازی، خطاطی، لوک اور روایتی فنون کو شامل کیا گیا ہے۔اس حوالے سے تھر آرٹ ایڈیٹر اور اسٹوڈیو ڈائریکٹر روی ٹوہانی نے میڈیا کو بتایا کہ تھرپارکر فن سے بھرپور خطہ ہے۔ اس نمائش کا مقصد تھر کے فن کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ یہاں کے ٹیلنٹ کو نئے مواقع فراہم کرنا اور جدید ترقی کے ساتھ اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے تھرپارکر کے تمام فنکاروں سے اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر اس کا حصہ بنیں اور اپنے فن کے ذریعے ایک نئی دنیا قائم کریں۔ یہ ان کا کام ہے، جبکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔ ان شاء اللہ ہم کچھ سیکھیں گے اور کچھ سکھائیں گے، مگر تھر اور تھر کے فنکاروں کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے.

مزید خبریں

Back to top button