"جنگلی حیات کا قتل بند کرو” مٹھی میں احتجاجی مارچ، دھرنا
وسائل محدود ہیں،گاؤں والے مدد کریں،ہم قدرتی حسن کی حفاظت کریں گے،ڈپٹی کنزرویٹو

مٹھی(جانو ڈاٹ پی کے)ننگرپارکر کے رہائشیوں، سماجی رہنماؤں، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے تھرپارکر میں جنگلی حیات کی ہلاکت کے خلاف مٹھی کے کشمیر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، شہر کا گشت کیا اور دھرنا دیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت سماجی رہنما حاجی کنبھر، سالم سومرو، صحافی اعجاز بجیر، سماجی رہنما آکاش ہمیرانی اور دیگر نے کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ضلع تھرپارکر میں ہرن اور دیگر نایاب جانوروں کا غیر قانونی شکار عروج پر ہے۔ ہم اپنے علاقے کے قدرتی حسن کے تحفظ کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ ہم محکمہ وائلڈ لائف اور سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جنگلی حیات کی حفاظت کی جائے اور شکاریوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب ڈپٹی کنزرویٹر محکمہ وائلڈ لائف میرپورخاص ڈویژن ممتاز سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی تھرپارکر میں شکاریوں نے غیر قانونی شکار تیز کر دیا ہے۔ گاؤں والوں سے ہماری مدد کی درخواست ہے۔ جہاں بھی غیر قانونی شکار ہو، ہمیں بتائیں اور ہم وقت پر وہاں پہنچ کر قدرتی حسن کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل محدود ہیں، لیکن ہم بے کار نہیں ہیں۔ گاؤں والوں کی اطلاع پر ہم ہر جگہ پہنچ گئے ہیں۔ غیر قانونی شکار کو روکنے کے لیے ہم گاؤں والوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں والوں کا جذبہ قابل ستائش ہے۔ اگر آپ ہمارا ساتھ دیں تو ہم غیر قانونی شکار بند کر دیں گے۔



