پرائم منسٹر یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز، مٹھی میں مفت سیکھنے کا ٹیسٹ لیا گیا

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی میں تھر ایجوکیشن الائنس اور نیو ٹیک کے اشتراک سے پرائم منسٹر یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے کورسز شروع کرنے کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ پرائم منسٹر یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تھر ایجوکیشن الائنس اینڈ نیو ٹیک (NAVTTC) کے تعاون سے نوجوانوں کے لیے مختلف ٹیکنیکل اور ہائی ٹیک کورسز شروع کیے گئے ہیں جس کے لیے مٹھی میں NTS تنظیم کی جانب سے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف کورسز میں داخلے کے لیے فارم بھرنے والے نوجوانوں سے ٹیسٹ لیا گیا جس میں کامیاب امیدواروں کو کورسز میں داخلہ بالکل مفت دیا جائے گا۔ یہ پروگرام نوجوانوں کو جدید ہنر سکھانے اور انہیں روزگار کے قابل بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
اس موقع پر تھر ایجوکیشن الائنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پرتاپ شیوانی نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام نوجوانوں کے روشن مستقبل کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کمپیوٹر، ٹیکنالوجی اور دیگر فنی شعبوں میں جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے جس سے انہیں روزگار اور خود روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ خواتین کو سلائی کا کورس بھی کروایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پروگرام کے تحت بیچ 3 کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے جس میں 3 سے 6 ماہ کے مفت ہائی ٹیک اور ملازمت سے متعلق ہنر کے کورسز شامل ہیں۔ پروگرام کے تحت گرافکس ڈیزائن، آفس مینجمنٹ، ڈریس میکنگ اور فیشن ڈیزائن، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور SEO، اور موبائل ایپلیکیشن ڈویلپمنٹ کے کورسز کروائے جا رہے ہیں۔ اس پروگرام کو تھر سمیت پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کے لیے سکل ڈویلپمنٹ، روزگار اور معاشی آزادی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ میں لڑکیوں اور لڑکوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



