انسداد پولیو مہم، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر اور ایس ایس پی کا سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر کے سربراہ ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر بھرت کمار کے ہمراہ تحصیل ڈاہلی اور چہاچہرو کا دورہ کیا۔
ضلعے میں جاری پولیو مہم اور اس کے دوران کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دورے کے دوران ڈاہلی اور چہاچہرو کے مختلف علاقوں، تحصیل ہسپتالوں، گاؤں مٹھڑیو، پولیس چیک پوسٹ مٹھڑیو ، چہاچہرو، پولیس چیک پوسٹ کھینسر ، گاؤں جیتراڑ، پولیس چیک پوسٹ بگہل، جیسے جو پار اور دیگر مقامات کا معائنہ کیا گیا۔
ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن نے پولیو مہم پر مامور سیکیورٹی نفری اور پولیو ورکرز سے ملاقات کی اور موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز اور ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس الرٹ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پولیو مہم میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے یا عملے کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس ایس پی تھرپارکر نے کہا کہ پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا قومی فریضہ ہے اور سندھ پولیس اس مہم کے کامیاب انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔
ایس ایس پی نے نے مزید کہا کہ ضلع تھرپارکر پولیو فری ضلع ہے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے پولیس اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتی رہے گی۔
سندھ پولیس کی جانب سے پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی جاری ہے تاکہ معصوم بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔



