"کارونجھر کی نیلامی نامنظور”، ننگرپارکر میں مارچ اور علامتی بھوک ہڑتال

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ننگرپارکر میں سجاگ فورم کی جانب سے کارونجھر کے تحفظ کے لیے 21 روز سے علامتی بھوک ہڑتال جاری ہے۔
کارونجھر سجاگ فورم نے الہرکھیو کھوسو اور غلام مصطفیٰ کھوسو کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے شہر کا گشت کیا۔ جس کے بعد بھوک ہڑتال ریکارڈ کی گئی۔
احتجاج کرنے والے سماجی رہنماؤں، شہریوں اور مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ کارونجھر کو لیز پر دینے کے فیصلے واپس لیے جائیں، آئینی عدالت میں دائر درخواست واپس لی جائے۔ ایسی پالیسی بنائی جائے جس سے کارونجھر کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کارونجھر ننگرپارکر کے لوگوں، پرندوں اور جانوروں کی پناہ گاہ ہے، یہاں مقدس مقامات ہیں۔ کارونجھر روزگار کا ذریعہ ہے، ہماری تہذیب، ہمارا روزگار اور ہماری پناہ گاہ کو تباہی سے بچانا چاہیے۔ انہوں نے سندھ کے سیاسی اور سماجی حلقوں سے سندھ حکومت سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کی اپیل کی ہے۔



