گاؤں موکار جونيجو بنیادی سہولیات سے محروم، مکین جدید دور میں بھی مشکلات کا شکار

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) گاؤں موکار جونيجو ، جو مٹھی-بدین روڈ پر واقع ہے اور مٹھی شہر سے تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں بھی گاؤں کے رہائشی موبائل نیٹ ورک جیسی اہم سہولت سے محروم ہیں، جس کے باعث کال کرنے کے لیے انہیں اونچے ٹیلوں یا دڑوں پر جانا پڑتا ہے، جس سے رابطے کا نظام شدید متاثر ہو رہا ہے۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق موبائل سگنل نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگ انٹرنیٹ کی سہولت سے بھی محروم ہیں۔ اس صورتحال کے باعث گورنمنٹ ہائی اسکول کے اساتذہ و طلبہ اور کاروباری افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ ہنگامی حالات میں کسی سے رابطہ کرنا بھی انتہائی دشوار ہو جاتا ہے۔

مزید برآں گاؤں کی گلیوں اور راستوں کی حالت بھی ناگفتہ بہ ہے، حالانکہ موجودہ دور میں پختہ سڑکوں کی اشد ضرورت ہے جو کہ عوام کا بنیادی حق ہے، مگر اس سہولت سے بھی یہاں کے رہائشی محروم ہیں۔ مٹھی شہر کے قریب ہونے کے باوجود یہ گاؤں طویل عرصے سے بنیادی سہولیات سے محروم چلا آ رہا ہے۔

اسی طرح کئی کلو میٹر طویل لنک روڈ کی حالت بھی انتہائی خراب ہے، جو مرمت کی اشد محتاج ہے۔ اس سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث روزمرہ آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔

گاؤں کے مکینوں نے منتخب نمائندوں اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے گاؤں میں موبائل ٹاور نصب کیا جائے اور لنک روڈ کی جلد از جلد مرمت کروائی جائے، تاکہ عوام کو جدید سہولیات میسر آ سکیں اور ان کے مسائل حل ہو سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button