ایران کے متحدہ عرب امارات پر حملے، ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی میں میزائل لگنے سے 2 پاکستانی زخمی

دبئی(جانوڈاٹ پی کے)ایران نے متحدہ عرب امارات پر ڈرونز اور بیلسٹک میزائل کے مزید حملے کیے اور شارجہ میں ٹیلی کام کمپنی پر بیلسٹک میزائل لگنے سے دو پاکستانی زخمی ہوگئے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق شارجہ سینٹرل ریجن میں واقع تھوریا ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کی عمارت پر ایرانی بیلسٹک میزائل لگا، جس کے نتیجے میں دو پاکستانی معمولی زخمی ہوگئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ حملے میں دو پاکستانی معمولی زخمی ہوئے ہیں اور انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک اور بیان میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی فضائی دفاع نے ایران سے فائر کیے گئے ایک بلیسٹک میزائل اور 11 ڈرونز کامیابی سے مار گرائے ہیں تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کسی جانی نقصان کی رپورٹ نہیں ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے ایران کے بدترین حملوں میں اب تک مجموعی طور پر 520 بیلسٹک میزائل، 20 کروز میزائل اور دو ہزار 221 ڈرونز گرائے ہیں۔
ایرانی حملوں کے حوالے سے کہا گیا کہ ایرانی حملوں میں مزید دو شہادتوں کا اضافہ ہوا ہے، اس کے علاوہ مسلح افواج میں شامل ایک مراکشی شہری بھی شامل ہیں، اب تک شہادتوں کی مجموعی تعداد 10 ہوگئی ہے، جن میں پاکستانی، نیپالی، بنگلہ دیشی، فلسطینی، بھارتی اور مصری شہری شامل ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ان حملوں میں 221 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کا تعلق امارات، مصر، سوڈان، ایتھیوپیا، فلپائن، پاکستان، ایران، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، آذربائیجان، یمن، یوگنڈا، ایریٹیریا، لبنا، افغانستان، بحرین، کوموروز، ترکیہ، عراق، نیپال، نائیجیریا، عمان، اردون، فلسطین، گھانا، انڈونیشیا، سویڈن، تیونس، مراکش اور روس سے ہے۔
وزارت دفاع نے بتایا کہ ملک کی سیکیورٹی کو کسی قسم کے خطرے اور نقصان پہنچانے کے کسی بھی مقصد سے نمٹنے کے لیے پوری تیار ہیں تاکہ ملک کی خودمخار، سیکیورٹی اور استحکام کا دفاع یقینی بنایا جائے اور اپنے مفادات اور قومی صلاحیت کا دفاع کیا جائے۔



