ایران کے اسرائیل پر حملے جاری، بڑے پیمانے پر تباہی: ڈیفنس سسٹم ایرانی میزائل روکنے میں ناکام

تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے اسرائیل کو میزائلوں کے نشانے پر رکھ لیا، ایرانی میزائل حملوں کے باعث اسرائیل میں بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات، اسرائیلی اور امریکی ڈیفنس سسٹم ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ناکام ہوگئے۔
ایران کی جانب سے تازہ میزائل حملوں کے بعد اسرائیل کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں متعدد مقامات پر گرنے والے میزائلوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مختلف مقامات پر دھماکوں کے بعد ملبہ گرنے سے نقصان ہوا ہے، اس کے علاوہ کلسٹر بموں کے استعمال کے باعث ہونے والے نقصان کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی حملوں میں اب تک 10 اسرائیلی ہلاک اور 180 زخمی ہو چکے ہیں
خبر ایجنسی کے مطابق تل ابیب، ایلات، بیرالسبع، ڈیمونا اور عراد میں ایرانی حملوں سے تباہی مچ گئی، درجنوں عمارتیں ملیا میٹ ہونے کے بعد اسرائیلی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حملوں کی حالیہ لہر میں اسرائیل کا ایٹمی مرکز بھی ایران کے نشانے پر رہا، ایران نے اسرائیل کے جوہری تنصیب والے شہر ڈیمونا کو نشانہ بنایا، تاہم عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ڈیمونا میں جوہری مرکز سے تابکاری کے شواہد نہیں ملے۔
امریکا و اسرائیل کی مشترکہ کارروائی، پرشین گلف سنٹرل براڈکاسٹنگ کمپنی کو نشانہ بنا ڈالا
ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی میں ایران کے جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس میں واقع پرشین گلف سنٹرل براڈکاسٹنگ کمپنی کے 100 کلو واٹ اے ایم ٹرانسمیٹر کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ میں کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔ تاہم ادارے کا کہنا ہے کہ نشریات بدستور معمول کے مطابق جاری ہیں۔
ایرانی میزائل حملوں میں زخمی ایک اور شخص دم توڑ گیا، اسرائیلی ایمرجنسی سروس
اسرائیلی ایمرجنسی سروس نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ روز ایران کے میزائل حملوں میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص دم توڑ گیا ہے، ہلاک ہونے والا شخص 60 سال کا تھا جو میزائل کا ٹکڑا لگنے سے زخمی ہوا تھا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹیموں نے 164 افراد کو طبی امداد فراہم کی جن میں 150 کو جسم پر زخم تھے جبکہ 14 افراد میں اضطراب کی علامات پائی گئیں۔
ادارے کے مطابق 12 افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں میزائل کے ٹکڑے اور دھماکوں کے نتیجے میں چوٹیں آئی ہیں، 20 افراد کی حالت قدرے بہتر جبکہ 88 افراد کو معمولی زخم آئے ہیں، جنگ کے آغاز سے اب تک 1,576 افراد کو طبی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔
ایران میں ہتھیاروں کی تیاری و ذخیرہ کرنے والے مقام کو نشانہ بنایا ہے، اسرائیلی فوج
ٹیلیگرام پر جاری ایک پیغام میں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران میں ایک فوجی اڈے سمیت ہتھیاروں کی تیاری و ذخیرہ کرنے والے مقام کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل ڈیفنس فورسز نے کہا کہ رات گئے کیے گئے حملوں میں اُن مقامات کو نشانہ بنایا گیا جو ایرانی حکومت کے ماتحت سکیورٹی اداروں کی جانب سے ہتھیاروں کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال ہوتے تھے۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں نئے حملوں کی رپورٹس موصول
ایران کے دارالحکومت تہران میں نئے حملوں کی رپورٹس موصول ہو رہی ہیں جس کے بعد ایرانی میڈیا کے مطابق مشرقی تہران میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے۔
مسلح گروہ اصحاب الکہف کے اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے دفتر پر ڈرون حملہ
عراق میں مسلح گروہ اصحاب الکہف نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شمالی عراقی شہر اربیل میں واقع اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے دفتر کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
مسلح گروہ اصحاب الکہف نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر جاری بیان میں کہا کہ یہ کارروائی آج کی گئی تاہم اس کی مزید تفصیلات یا نقصان کے بارے میں کوئی تصدیق شدہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ شہریوں کو عراق بھر میں امریکی فوجی اڈوں سے دور رہنا چاہیے، جبکہ موساد کی جانب سے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اسرائیلی افواج کی جنوبی لبنان کے قصبے ناقورہ پر توپ خانے سے شدید گولہ باری
لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی افواج نے جنوبی لبنان کے قصبے ناقورہ پر توپ خانے سے شدید گولہ باری کی ہے اور مبینہ طور پر سفید فاسفورس سے بھرے گولے بھی فائر کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں زمینی جھڑپیں بھی شروع ہو گئی ہیں، جہاں اسرائیلی فوج اور لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے اہلکاروں کے درمیان براہ راست لڑائی کی اطلاعات ہیں، صورتحال کے باعث سرحدی علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور مقامی آبادی میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔



