مٹھی میں ڈاکٹر کریم شیخ کے قتل کے خلاف سول اسپتال میں احتجاج، قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ

میرپورخاص (شاھدمیمن،نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) مٹھی میں قتل ہونے والے ڈاکٹر کریم شیخ کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے سول اسپتال میرپورخاص میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے نے او پی ڈیز کا بائیکاٹ کرکے اسپتال کے اندر احتجاج کیا۔ احتجاج کی قیادت سول سرجن ڈاکٹر ماجد پٹھان، کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر سنیل کمار، جنرل سرجن ڈاکٹر لیکھراج راٹھوڑ، ڈاکٹر افضل لغاری، عبدالسلام سمیت دیگر سینئر رہنماؤں نے کی۔
احتجاج میں بڑی تعداد میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے شرکت کی، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا کر شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر کریم شیخ کا قتل ایک افسوسناک واقعہ ہے، جس سے پوری میڈیکل برادری میں خوف اور غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جلد قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
ڈاکٹروں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، لیکن افسوس کے ساتھ ایسے واقعات بار بار پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ڈاکٹروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
احتجاج کے دوران کچھ وقت کے لیے او پی ڈی سروسز جزوی طور پر متاثر رہیں، تاہم ایمرجنسی سروسز جاری رہیں۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ مزید سخت احتجاجی اقدامات کریں گے۔



