تمام اداروں کے سربراہان عوامی مسائل کے حل کے لیے ایمانداری اور سچائی سے کام کریں:جلال الدین مہر

میرپورخاص(رپورٹ:شاھدمیمن/جانوڈاٹ پی کے) ڈویژنل کمشنر جلال الدین مہر نے کہا ہے کے تمام اداروں کے سربراہان عوامی مسائل کے حل کے لیے ایمانداری اور سچائی سے کام کریں تاکہ عوام کے مسائل کا ازالہ ممکن ہو سکے یہ بات انہوں نے آج کمشنر کمیٹی ہال میں ڈویژن بھر کے متعلقہ اداروں کے سربراہان سے تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی. انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنے دفاتر میں ہر ماہ کھلی کچہری منعقد کریں تاکہ عوام کے مسائل معلوم کرکے انہیں حل کیا جا سکے. کمشنر نے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کے افسران کو ہدایت کی کہ بنیادی صحت مراکز اور ہسپتالوں میں سانپ کے کاٹنے اور انسانی جان بچاؤ کی ادویات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اسکول میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں اور اسکولوں کو فراہم ہونے والے ایس ایم سی فنڈز کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کریں . کمشنر جلال الدین مہر نے محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کو ہدایت کی کہ پینے کا صاف پانی عوام کی بنیادی ضروریات میں سے ہے اس لیے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے آر او پلانٹس کو فعال بنایا جائے اور اس ضمن میں درپیش مسائل کو فوری حل کیا جائے. اجلاس میں مئیر عبدالرؤف غوری ، ایڈیشنل کمشنر ون سبھاش چندر، اور متعلقہ افسران نے شرکت کی.



