میرپورخاص:نکاسی آب کا سنگین مسئلہ،گندے پانی نے گراؤنڈ کو تالاب بنا دیا،شہری پریشان

میرپورخاص(شاھدمیمن/جانوڈاٹ پی کے)شہر کے ایک گنجان آباد علاقے جوھَر کالونی میں نکاسی آب کا شدید مسئلہ سامنے آیا ہے جہاں انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث پورے علاقے کا گندا پانی ایک کھلے گراؤنڈ میں جمع کر دیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ پانی میگا پروجیکٹ کے تحت بنائے گئے نالے میں ڈالنے کے بجائے سڑک کراس کر کے غیر مناسب طریقے سے جانوروں کے اسپتال کے قریب واقع گراؤنڈ میں چھوڑا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ مسئلہ گزشتہ ایک سال سے جاری ہے اور بارشوں کے دوران صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے۔ اگرچہ بعض اوقات پانی خود بخود خشک ہو جاتا ہے، تاہم مستقل بنیادوں پر نکاسی کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، جس کی وجہ سے گندا پانی بار بار جمع ہو جاتا ہے۔گراؤنڈ میں جمع پانی سے شدید بدبو پھیل رہی ہے جس کے باعث نہ صرف علاقے کے رہائشی بلکہ قریبی اسکول کے طلبہ، لائیو اسٹاک آفس کے ملازمین اور جانوروں کے اسپتال کے ڈاکٹرز بھی شدید اذیت کا شکار ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق بدبو اس قدر زیادہ ہے کہ وہاں بیٹھنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے کھڑے گندے پانی میں مچھروں کی افزائش تیزی سے ہوتی ہے جس سے ملیریا، ڈینگی اور دیگر خطرناک بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے اس حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صحت کے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔مزید برآں، یہ گراؤنڈ جو بچوں کی کھیل کود اور جسمانی سرگرمیوں کے لیے مختص تھا، اب مکمل طور پر ناقابل استعمال ہو چکا ہے۔ بچے کھیلنے سے محروم ہو گئے ہیں جس سے ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما بھی متاثر ہو رہی ہے۔مقامی شہریوں نے یو سی چیئرمین، ہیلتھ انسپیکٹر اور ٹاؤن انتظامیہ کو شکایت کی ہے لیکن وہ اس مسئلے پر مسلسل آنکھیں بند کیے بیٹھے ہیں اور کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جا رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات کے باوجود کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی۔علاقہ مکینوں مظفر علي, شھباز علي, شیروز علی اور سجاد علي نے کمشنر اور میئر سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیا جائے، گندے پانی کی نکاسی کے لیے مؤثر نظام قائم کیا جائے، اور پانی کو میگا پروجیکٹ کے نالے میں منتقل کر کے گراؤنڈ کو فوری طور پر خالی اور صاف کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

مزید خبریں

Back to top button