میرپورخاص،3مختلف حادثات میں5افراد شدید زخمی

میرپورخاص(رپورٹ:شاھدمیمن/جانوڈاٹ پی کے)3مختلف حادثات میں پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں چار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے میرواہ کے قریب بسم اللہ پیٹرول پمپ کے سامنے دو تیز رفتار موٹر سائیکلیں آمنے سامنے سے ٹکرا گئیں- حادثے کے نتیجے میں دو افراد کنڈیاری کے رہائشی راجو ولد ہیرو اور ٹنڈو الہ یار کے رہائشی سنتوش ولد تماچی شدید زخمی ہو گئے- اطلاع ملتے ہی میرواہ گورچانی پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور دونوں زخمیوں کو ریسکیو کر لیا اور تعلقہ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرواہ گورچانی منتقل کر دیا- جہاں پر ڈاکٹرز نے بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت میں سول ہسپتال میرپورخاص منتقل کر دیا- دوسرے واقعے میں مین میرپورخاص روڑ پر واقع دی ہوپ ہائیر سیکنڈری اسکول کے سامنے موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان خوفناک تصادم ہو گیا-حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار گوٹھ بلوچ فارم کے رہائشی کیلاش ولد لکھمن کولہی اور اس کا چھوٹا بھائی راجو ولد لکھمن کولہی شدید زخمی ہو گئے جبکہ تیسرے واقع میں مین میرپورخاص روڑ پر واقع گوٹھ چودھری غلام محمد آرائیں کے سامنے راہ گیر گوٹھ چودھری غلام محمد آرائیں کے رہائشی ویرمو ولد دھارشی کولہی کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے ٹکر مار کر زخمی کر دیا- تینوں زخمیوں کو فوری طور پر تعلقہ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرواہ گورچانی لایا گیا جہاں پر ڈاکٹرز نے بروقت طبی امداد فراہم کی- دو شدید زخمیوں کیلاش ولد لکھمن کولہی اور راجو ولد لکھمن کولہی کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال میرپورخاص منتقل کر دیا گیا- شہریوں نے مین میرپورخاص روڑ المعروف قاتل روڑ پر بڑھتے ہوئے حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے منتخب عوامی نمائندوں اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کئے جائیں اور اس شاہراہِ کو فلفور دو رویہ کیا جائے تاکہ قیمتی انسانی زندگیوں کو بچایا جا سکے۔



