میر پور خاص:شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں،ٹریفک حادثے میں ایک خاندان کے4افراد ہلاک
میرپورخاص ٹو حیدرآباد روڈ پر المناک حادثہ، تپہ دار منوہر لال میگھواڑ معصوم بیٹے سمیت جاں بحق

میرپورخاص (شاھدمیمن) میرواہ گورچانی کے رہائشی محکمہ ریونیو کے اہلکار، تعلقہ حسین بخش کے تپہ دار منوہر لال میگھواڑ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ٹنڈو جام میں ایک قریبی عزیز کی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے کہ حیدرآباد روڈ پر واقع کھیسانہ موری موڑ کے قریب ان کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی اور الٹ گئی۔حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار میں سوار چاروں افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 43 سالہ تپہ دار منوہر لال میگھواڑ، ان کا 3 سالہ معصوم بیٹا نکھل کمار، سالی نیوی بائی اور اس کے شوہر وریندر مل میگھواڑ شامل ہیں۔اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور چاروں نعشوں کو قانونی کارروائی کے لیے سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا-جہاں ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔آنجہانی منوہر لال میگھواڑ اور ان کا معصوم بیٹا نکھل کمار ماڈل کالونی میرواہ گورچانی کے رہائشی تھے، جبکہ وریندر مل میگھواڑ اور ان کی اہلیہ نیوی بائی تعلقہ ڈگری کے گوٹھ نوحانی آباد کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔جیسے ہی نعشیں آبائی گھروں پر پہنچیں تو علاقے میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشک بار تھی اور فضا سوگوار ہو گئی۔ اس المناک حادثے کی خبر پھیلتے ہی پورا شہر غم میں ڈوب گیا جبکہ اہلِ علاقہ، سماجی شخصیات اور سرکاری ملازمین نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔



