سندھ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی کا اجلاس،اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ

کراچی/تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی)رکن سندھ اسمبلی و وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر آڈوانی کی صدارت میں سندھ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی کا اجلاس سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں کمیٹی کے اراکین بشمول ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نوید انتھونی، صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ، ایم پی اے و پارلیمانی سیکریٹری برائے اقلیتی امور رومہ مشتاق مٹو، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق راجویر سنگھ سوڈھا، اراکین سندھ اسمبلی رانا ہمیر سنگھ، ڈاکٹر کھٹو مل جیون، سریندر ولاسائی، مہیش کمار ہاسیجا، انیل کمار رتنانی اور رکن قومی اسمبلی سنجے پروانی شریک ہوئے۔
محکمہ اقلیتی امور کی سیکریٹری انجم اقبال، ڈائریکٹر اسلم کھوسو، ڈپٹی ڈائریکٹر احمد بخش، ایگزیکٹو انجنیئر سنجے راجا سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کی عبادتگاہوں کی تزئین و آرائش سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اقلیتی برادری کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید تیز، مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر سندھ کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں اقلیتی طلبہ کے لیے ہاسٹلز کے قیام کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر شام سندر آڈوانی سمیت تمام شرکاء نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے باہمی مشاورت اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے کام کرنے پر اتفاق کیا۔



