غیر مسلم شہریوں کو سول سوسائٹی اور ضلعی کمیٹیوں میں مؤثر نمائندگی دی جائے تاکہ ان کے مسائل کو حل کیا جا سکے، راج ویر سنگھ سوڈا

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن )وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے ہیومن رائٹس کمیشن راج ویر سنگھ سوڈھا کی زیر صدارت ضلع ٹھٹھہ میں انسانی حقوق کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے متعلق دربار ہال مکلی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت، ڈائریکٹر سندھ ہیومن رائٹس کمیشن آغا فخر حسین، جوڈیشل ممبران، مختلف ضلعی کمیٹیوں کے عہدیداران اور محکمہ تعلیم، صحت، پولیس، سوشل ویلفیئر، وومن ڈیولپمنٹ سمیت دیگر محکموں کے افسران اور این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کم عمری کی شادی، چائلڈ لیبر، بچوں کے حقوق سے متعلق آگاہی، گھریلو تشدد، صاف پانی کی فراہمی، تعلیم اور صحت کے مسائل سمیت دیگر درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر معاون خصوصی راج ویر سنگھ سوڈھا نے ہدایت کی کہ غیر مسلم شہریوں کو سول سوسائٹی اور ضلعی کمیٹیوں میں مؤثر نمائندگی دی جائے تاکہ ان کے مسائل کو براہِ راست سنا اور حل کیا جا سکے۔ انہوں نے خواتین کی شمولیت کو بھی ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے فروغ کیلئے خواتین کا فیصلہ سازی کے عمل میں شامل ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات کے مطابق عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پرائم منسٹر ایکشن پروگرام کے تحت عوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں جاری ونڈ پاور منصوبوں کے تحت مقامی افراد کو روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تمام محکموں کے اشتراک سے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ ڈائریکٹر سندھ ہیومن رائٹس کمیشن آغا فخر حسین نے بھی ادارے کی جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں معاون خصوصی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹھٹھہ مشتری خانم سے ملاقات کی اور بار کے وکلاء سے بھی انسانی حقوق کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل اور سیف ہاؤس کا کا دورہ بھی کیا، جہاں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور اصلاحی اقدامات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راج ویر سنگھ سوڈھا نے جیمخانہ کلب مکلی میں پریس بریفنگ میں بتایا کہ اجلاسز کے دوران پینے کے صاف پانی اور ونڈ مل کوریڈور کے تحت مقامی افراد کو روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی، صحت کے شعبے میں ڈاکٹروں اور طبی آلات کی کمی، تعلیمی مسائل جس میں باالخصوص سیکنڈری سطح کے غیر فعال گرلز اسکولوں کو فعال بنانے، باؤنڈری وال۔ اور ٹوائلٹس سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زور دیا گیا ہے، اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور انسانی بنیادی حقوق سے متعلق امور پر بھی ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کی گئی ہے۔ انہوں نے ضلع ٹھٹھہ میں انسانی حقوق کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ماہ باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے اور مستحق افراد کو لیگل ایڈ کی فراہمی کا اعلان کیا۔ قبل ازیں ڈی سی آفس کے اخاطہ میں پودے بھی لگاکر شجرکاری کا آغاز بھی کیا۔



