کارونجھر پہاڑ میں چائنا کلے کے غیرقانونی کام کے خلاف مائننگ محکمے کا چھاپہ

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) کارونجھر کی تباہی سے متعلق جاری سرگرمیوں کے دوران پہاڑ کی کٹائی اور چائنا کلے کی کھدائی کے خلاف مائننگ محکمے نے کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا، مشینری تحویل میں لے لی گئی جبکہ ٹھیکیدار اور کمپنی کا عملہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق نگرپارکر کے اطراف چائنا کلے اور کارونجھر میں کان کنی کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے دی گئی بیشتر لیزیں منسوخ کی جاچکی ہیں، اس کے باوجود غیرقانونی کام جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق رمیـش سونارو کی لیز منسوخ ہونے کے باوجود چائنا کلے کی غیرقانونی کھدائی جاری تھی، جس پر مائننگ آفیسر وارث شیخ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اچانک چھاپہ مارا۔ تاہم غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ولی راہمون کی ٹیم موقع سے فرار ہوگئی۔
مائننگ حکام نے کام بند کراکے کرین اور دیگر مشینیں اپنی تحویل میں لے لیں اور غیرقانونی سرگرمی روک دی۔
اس موقع پر مائننگ آفیسر وارث شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ چائنا کلے کی لیز منسوخ ہوچکی ہے لیکن اس کے باوجود کام جاری رکھا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی کان کنی میں ملوث کمپنیوں کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔



