مائیک ہیسن لاہور کے دیوانے ہوگئے

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)مائیک ہیسن لاہور کے دیوانے ہوگئے،بیٹیوں اور بیوی کیساتھ شہر کے ثقافتی مقامات کی سیر۔پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے لاہور میں قیام کے دوران شہر کے مختلف تاریخی اور ثقافتی مقامات کی سیر کی۔مائیک ہیسن نےاپنی اہلیہ اور بیٹیوں کے ہمراہ شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، حضوری باغ اور فوڈ اسٹریٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران مائیک ہیسن نے لاہور کے تاریخی ورثے، فنِ تعمیر اور ثقافتی خوبصورتی کو سراہتے ہوئے ان مقامات کی بھرپور تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی تاریخ اور ماحول نہایت متاثر کن ہے اور یہاں آ کر ماضی اور حال کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا،لاہورمیں اپنے خاندان کے ساتھ ایک یادگار دن گزارا، اپنے اہلِ خانہ کو اپنے پاس دیکھ کربےحد خوشی ہوئی اور انہیں پاکستان کو مزید قریب سے دکھانے کا بھی موقع ملا۔مائیک ہیسن نےپاکستانی عوام کی مہمان نوازی کو بھی سراہا اورکہا کہ لاہور کی فضا، کھانے اور تاریخی مقامات اس شہر کو دنیا کے خوبصورت شہروں میں نمایاں مقام دیتے ہیں۔



