امریکی ریاست مشی گن میں شدید برفانی طوفان، ایک ہی شاہراہ پر 100 سے زائد گاڑیاں ٹکرا گئیں

مشی گن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کی ریاست مشی گن میں شدید برفانی طوفان نے نظامِ زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا، جہاں انٹر اسٹیٹ ہائی وے 196 پر خوفناک چین ری ایکشن حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں 100 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جن میں کم از کم 30 بھاری ٹرک بھی شامل تھے۔

حادثے کی شدت کے باعث موٹروے کو دونوں اطراف سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ شاہراہ پر ہر طرف الٹی ہوئی گاڑیاں اور جیک نائف کی حالت میں پھنسے ٹرک دکھائی دیتے رہے، جس سے صورتحال انتہائی خطرناک ہو گئی۔

فاکس ویدر کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ڈرون فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہائی وے مکمل طور پر برف سے ڈھکی ہوئی ہے جبکہ متعدد گاڑیاں پھسل کر سڑک کے کناروں میں جا گریں۔

حکام کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں 40 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی تھیں اور ایک فٹ سے زائد برف جمع ہو چکی تھی، جس کے باعث حدِ نگاہ شدید متاثر ہوئی۔

مشی گن اسٹیٹ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تاہم خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس کے مطابق گاڑیوں کو ہٹانے اور سڑک کو کلیئر کرنے میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

مسلسل برفباری کے باعث شاہراہ پر پھنسے مسافروں کو بسوں کے ذریعے قریبی ہائی اسکول منتقل کیا گیا، جہاں ان کے لیے عارضی پناہ اور سہولیات فراہم کی گئیں۔

دوسری جانب امریکا کے وسیع علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ غیر معمولی طور پر فلوریڈا کے پین ہینڈل تک برفباری ریکارڈ کی گئی، جہاں شہریوں نے رات بھر جاگ کر برفباری کے نایاب مناظر دیکھے۔

نیشنل ویدر سروس نے شمالی مینیسوٹا سے لے کر وسکونسن، انڈیانا، اوہائیو، پنسلوانیا اور نیویارک تک شدید سردی اور برفانی طوفان کی وارننگ جاری کر دی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں موسم مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button