راولپنڈی:میٹرو بس ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس کے ملازمین کا احتجاج کامیاب ہو گیا، سیکرٹری آر ٹی اے راولپنڈی اسد عباس شیرازی کے نجی کمپنی سے مذاکرات ہوئے جس دوران تنخواہوں کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد ملازمین نے ہڑتال ختم کر دی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس کے ملازمین نے تنخواہ میں بلاجواز کٹوتی اور مکمل رقم کی عدم ادائیگی پر ہڑتال کی۔ مظاہرین نے آئی جے پی اسٹیشن کے قریب میٹرو بس روک کر ٹریک پر دھرنا دے دیا۔ ملازمین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے نجی کمپنی انتظامیہ نہ صرف تنخواہیں ادا نہیں کر رہی بلکہ ہر ملازم کی تنخواہ سے چھ ہزار روپے کٹوتی بھی کی جا رہی تھی۔ بسوں کی آمدورفت بند ہونے سے جڑواں شہروں کے باسیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاع ملنے پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سید اسد عباس نے نجی کمپنی سے مذاکرات کیے۔
کمپنی نے ملازمین کو جلد تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد میٹرو بس سروس بحال کر دی گئی۔ اسد عباس نے کہا کہ پیر کو تنخواہیں اد نہ کی گئیں تو کمپنی کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔



