میہڑ: سابق ایس ایچ او احتشام جمالی کی ضمانت مسترد، عدالت سے گرفتار، جیل منتقل

دادو+میہڑ (جانوڈاٹ پی کے)میہڑ کی سیکنڈ ایڈیشنل سیشن کورٹ نے پولیس اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال کے مقدمے میں سابق ایس ایچ او احتشام جمالی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت کے حکم پر ملزم کو کمرۂ عدالت سے گرفتار کر کے ہتھکڑیاں لگا دی گئیں اور بعد ازاں جیل منتقل کر دیا گیا۔
عدالتی ذرائع کے مطابق احتشام جمالی واقعے کے وقت ضلع شکارپور میں بطور ایس ایچ او تعینات تھے۔ ان کے خلاف کے این شاہ کے رہائشی امجد ملاح کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم نے اپنے سرکاری اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے مدعی کے گھر پر چھاپہ مارا اور مویشی زبردستی اپنے ساتھ لے گیا۔ واقعے کے بعد متاثرہ شہری نے انصاف کے حصول کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔
سیکنڈ ایڈیشنل سیشن جج اعجاز علی شاہ نے فریقین کے دلائل سننے اور مقدمے کا ریکارڈ دیکھنے کے بعد ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے واضح احکامات جاری کیے کہ ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے کر جیل منتقل کیا جائے۔



