سکھر: گاؤں ہوٹ خان میں MERF اور Scatec کے تعاون سے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)یونین کونسل ترائی، تعلقہ صالح پٹ کے دُور دراز دیہی علاقے گاؤں ہوٹ خان میں میڈیکل ایمرجنسی ریزیلینس فاؤنڈیشن (MERF) کی جانب سے اسکیٹک (Scatec) اور اس کے توانائی پارٹنرز کی مالی معاونت جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سکھر کے تکنیکی تعاون سے تیسرا مفت میڈیکل کیمپ کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔

کیمپ میں بچوں، خواتین، مردوں، بزرگوں کے علاوہ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین سمیت تقریباً 390 مریضوں اور خاندانوں نے شرکت کی۔ کیمپ میں مرد و خواتین ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملے نے مریضوں کا معائنہ کیا اور مفت ادویات فراہم کیں۔ اس میڈیکل کیمپ کا بنیادی مقصد پسماندہ آبادی کو ضروری صحت کی سہولیات اُن کی دہلیز پر فراہم کرنا تھا، جہاں عام بیماریوں کی تشخیص، علاج اور مفت ادویات دی گئیں۔

اسکیٹک ٹیم نے کیمپ کا دورہ کیا اور MERF کی بہترین کارکردگی اور طبی عملے کی ٹیم ورک کو سراہا۔

آخر میں اسسٹنٹ کمشنر صالح پٹ، ماجد ماکو نے کیمپ کا دورہ کیا، کمیونٹی سے ملاقات کی اور ان سے کیمپ کے بارے میں رائے لی۔ انہوں نے MERF کی اس کوشش کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں اس نوعیت کے میڈیکل کیمپس نہایت اہم ہیں۔ نجی اداروں اور سرکاری محکمہ صحت کے درمیان تعاون سے محروم علاقوں میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی سماجی سرگرمیوں کے کامیاب انعقاد کے لیے وہ ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button