ایم ڈی کیٹ 2026 کا شیڈول جاری، امتحان 16 اگست کو ہوگا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے منعقد ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2026 کے شیڈول اور رجسٹریشن پالیسی کا اعلان کر دیا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 16 اگست 2026 بروز اتوار صبح 10 بجے منعقد ہوگا جب کہ امیدواروں کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 22 جون سے ہوگا جو 8 جولائی تک جاری رہے گا، لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن 13 جولائی تک کرائی جاسکے گی۔
پی ایم ڈی سی نے بتایا کہ پاکستان میں ایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن فیس 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جب کہ لیٹ رجسٹریشن فیس 13 ہزار روپے ہوگی اور بین الاقوامی ٹیسٹ سینٹرز کے لیے رجسٹریشن فیس 45 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی نے واضح کیا کہ تمام فیسیں ناقابل واپسی اور ناقابل منتقلی ہوں گی، سندھ میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، خیبرپختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے تحت کیا جائے گا۔
اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاض میں امتحان کا انعقاد شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے زیر انتظام ہوگا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق سندھ کے امیدوار کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں قائم مراکز میں امتحان دے سکیں گے جب کہ پنجاب کے امیدوار 14 مختلف شہروں میں ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، مردان، سوات اور ایبٹ آباد سمیت 8 شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے جب کہ بلوچستان کے امیدوار کوئٹہ میں امتحان دے سکیں گے، بین الاقوامی امیدواروں کے لیے ریاض میں ٹیسٹ سینٹر قائم کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق ایک مرتبہ منتخب کیا گیا امتحانی مرکز بعد میں تبدیل نہیں کیا جاسکے گا، ایم ڈی کیٹ 180 کثیرالانتخابی سوالات پر مشتمل ہوگا اور امتحان میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی، غلط جواب دینے پر امیدواروں کے نمبر نہیں کاٹے جائیں گے۔
اس کے علاوہ امیدواروں کو ایم ڈی کیٹ پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی جب کہ نامکمل درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی، ایم ڈی کیٹ کا سلیبس اور دیگر تفصیلات پی ایم ڈی سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔
پی ایم ڈی سی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر امتحانی شیڈول میں تبدیلی کا اختیار کونسل کے پاس محفوظ ہوگا۔



