رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی پہلی ترجیح،محمد یوسف شیخ

مٹیاری(رپورٹ:امجد راجپوت/جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی پہلی ترجیح ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سخت کنٹرول کیا جائے گا اور کسی بھی صورت میں ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے یہ باتیں لطیف ہال، ڈپٹی کمشنر آفس مٹیاری میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں، جس میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران مارکیٹوں میں روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے، قیمتوں کی فہرست نمایاں مقامات پر آویزاں کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں، پھل، دودھ، گوشت اور مرغی سمیت تمام ضروری اشیاء سرکاری مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہونی چاہئیں۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران ضلع کے تینوں تعلقوں میں بچت بازار لگائے جائیں گے اور ضلع بھر میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں مقرر کی جائیں گی جو قیمتوں پر کنٹرول اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں گی۔
ضلعی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-I وقاص ملوک ، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبد الستار شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر، اسسٹنٹ کمشنر سعید آباد عبدالشکور، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سید آصف حسین شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائز اینڈ پرائس ایمان شاہ، مختیارکاران، مارکیٹ کمیٹی، فوڈ سیفٹی آفیسر، پولیس سمیت متعلقہ افسران اور تاجر تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔



