مٹیاری میں ذخیرہ اندوزی اور من مانی قیمتوں پر کریک ڈاؤن

مٹیاری(رپورٹ:امجد راجپوت/جانو ڈاٹ پی کے)ذخیرہ اندوزی اور اشیائے ضروریہ کی من مانی قیمتوں کی روک تھام کے لیے ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی قیادت میں اتوار کے روز ضلع بھر میں دکانوں، فلور ملز، چکیوں، گوشت مارکیٹس اور روزمرہ استعمال کی اشیاء فروخت کرنے والے مراکز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اکثر ہفتہ وار تعطیل کے دنوں میں مصنوعی مہنگائی کی شکایات موصول ہوتی ہیں، جب بعض دکاندار سرکاری نرخوں سے زیادہ قیمتیں وصول کر کے عوام کا استحصال کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس قسم کے ہتھکنڈوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
کارروائی کے دوران آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ آٹے کی قیمت فی کلو 107 سے 110 روپے کے درمیان سختی سے نافذ کروائی گئی، جبکہ دیگر اشیاء کی قیمتیں ضلع سطح پر ہونے والے پرائس کنٹرول اور اینٹی ہورڈنگ اجلاس میں طے شدہ نرخوں کے مطابق یقینی بنائی گئیں۔
یہ کریک ڈاؤن اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبد الستار شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر علی اور اسسٹنٹ کمشنر سعید آباد عبد الشکور نے اپنے متعلقہ مختیارکاروں کے ہمراہ انجام دیا، جنہوں نے ضلع کے مختلف بازاروں اور آؤٹ لیٹس کا معائنہ کیا۔
انسپیکشن مہم کے نتیجے میں خلاف ورزیوں پر 8 چکیاں سیل کر دی گئیں جبکہ اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے 11 دکانداروں پر زائد قیمت وصول کرنے اور سرکاری نرخ نامے کی عدم تعمیل پر جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو استحصال سے بچانے اور اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ذخیرہ اندوزی یا زائد قیمت وصولی میں ملوث کسی بھی فرد یا کاروبار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ زائد قیمت وصولی یا ذخیرہ اندوزی کی کسی بھی شکایت کی فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔



