ماتلی میں کھیلوں کے میدانوں کی کمی، نئی نسل روایتی کھیلوں سے دور

ماتلی ( رپورٹ محمد راحیم گدی/جانوڈاٹ پی کے) ماتلی شہر میں کھیلوں کے میدانوں کی کمی اور محفوظ کھیل کے ماحول کے فقدان کے باعث نئی نسل روایتی کھیلوں سے دور ہوتی جا رہی ہے، مقامی شہریوں اور والدین کے مطابق ماضی میں گلی محلوں اور کھلے میدانوں میں بچوں کی بڑی تعداد ملاکڑا، کبڈی، گلی ڈنڈا، چور سپاہی اور دیگر مقامی کھیلوں میں بھرپور حصہ لیتی تھی، جو نہ صرف ان کی جسمانی صحت کے لیے مفید تھے بلکہ ان میں ٹیم ورک، برداشت اور سماجی میل جول جیسی مثبت خصوصیات بھی پیدا کرتے تھے، تاہم وقت کے ساتھ ساتھ یہ روایتی کھیل تیزی سے ختم ہوتے جا رہے ہیں اور آج کی نئی نسل ان سے مکمل طور پر ناواقف ہوتی جا رہی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے میدانوں کی کمی، غیر توجہ اور سہولیات کے فقدان کے باعث بچے اب گھروں تک محدود ہو چکے ہیں اور زیادہ تر وقت موبائل فون اور جدید ڈیجیٹل ڈیوائسز کے استعمال میں گزار رہے ہیں، جس کے باعث ان کی جسمانی سرگرمیاں کم اور ذہنی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، والدین نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی نسل کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں سے مزید دور ہو جائے گی، شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ماتلی میں موجود کھیلوں کے میدانوں کو فوری طور پر فعال کیا جائے اور نئے گراؤنڈز قائم کر کے بچوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب واپس لایا جائے۔



