ماتلی میں پیپلز پارٹی کے جیالوں کا نوکریوں کے آفر آرڈر نہ ملنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

ماتلی (رپورٹ ایم آر گد ی /جانو ڈاٹ پی کے) ضلع بدین کا سب سے بڑے شہر اور ممکنہ طور پر ضلع بننے کا امیدوار ماتلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے گریڈ ایک سے چار کی نوکریوں کے آفر آرڈر نہ ملنے کے خلاف ماتلی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اس دوران شدید نعرے بازی کی گئی اور مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ بلاول ہاؤس اور گڑھی خدا بخش میں احتجاج اور بھوک ہڑتال کرنے سمیت احتجاجی دائرہ کار کو مزید وسیع کریں گے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گریڈ ایک سے چار کے آفر آرڈر من پسند افراد میں تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے برسوں قربانیاں دینے والے کارکنوں کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شفاف تحقیقات کر کے حقدار کارکنوں کو ان کا حق دیا جائے بصورت دیگر احتجاج میں شدت لائی جائے گی۔



