ماتلی تعلقہ اسپتال کو ڈی ایچ کیو اسپتال کا درجہ دینے کا فیصلہ

ماتلی( رپورٹ ذیشان احمد گدی /جانو ڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے تعلقہ اسپتال ماتلی کو قمبر اور عمرکوٹ کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال کا درجہ دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت مالی سال 2025-26 کے بجٹ و پورٹ فولیو اجلاس میں کیا گیا، شہری، سماجی اور طبی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے، تعلقہ اسپتال ماتلی مخیر حضرات کے تعاون اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر گلاب حسین کشمیری کی قیادت میں پہلے ہی جدید طبی سہولیات کے باعث نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے، اسپتال میں جدید لیبارٹری، گردوں اور کینسر کے علاج کے وارڈز، آئی ہاسپٹل اور بچوں کے لیے 15 بستروں پر مشتمل نیا چلڈرن وارڈ قائم کیا جا چکا ہے، ڈاکٹر گلاب حسین کشمیری کے مطابق نئے چلڈرن وارڈ کے قیام کے لیے ایک مخیر شخصیت نے خطیر رقم فراہم کی تاہم انہوں نے گمنام رہنے کی خواہش ظاہر کی، انہوں نے بتایا کہ سابقہ چلڈرن وارڈ کو بچوں کے ایمرجنسی وارڈ میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ ہنگامی حالات میں بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں، اسپتال میں مریضوں اور لواحقین کے لیے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی نصب کیا گیا ہے، مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی سہولیات بڑے سرکاری اسپتالوں میں بھی کم ہی دیکھنے کو ملتی ہیں، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر گلاب حسین کشمیری ہمہ وقت دستیاب رہتے ہیں اور ہنگامی صورتحال میں خود نگرانی کرتے ہیں جس سے طبی خدمات کا معیار بہتر ہوا ہے، نو تعمیر شدہ عمارت کا دورہ ایم ایس ڈاکٹر گلاب حسین کشمیری، دیگر ڈاکٹرز اور عملے نے کیا جبکہ اس موقع پر اسپتال کی مزید ترقی اور عوامی خدمت کے تسلسل کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی، ماتلی کے شہری و سماجی حلقوں نے اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ ماتلی تعلقہ کو بھی ضلع کا درجہ دیا جائے تاکہ انتظامی اور ترقیاتی امور مزید بہتر انداز میں انجام دیے جا سکیں، ان کا کہنا ہے کہ تعلقہ اسپتال ماتلی اس وقت سہولیات کے اعتبار سے کئی ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتالوں کا مقابلہ کر رہا ہے اور اسے مزید ترقی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔#

مزید خبریں

Back to top button