مٹیاری: نابینا مستحق خاندانوں میں رمضان ویلفیئر سپورٹ پروگرام کے تحت مالی امداد اور راشن تقسیم

مٹیاری(رپورٹ: امجد شیخ نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ سندھ کے زیر اہتمام اور ڈپٹی کمشنر مٹیاری سیکریٹریٹ کے تعاون سے رمضان ویلفیئر سپورٹ پروگرام ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے کی۔

پروگرام میں ضلع بھر کے 25 نابینا مستحق خاندانوں کو مالی امداد اور راشن پیکجز فراہم کیے گئے۔ پاکستان ایسوسی ایشن کی جانب سے ہر خاندان کو 6 ہزار روپے نقد دیے گئے جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس کی طرف سے راشن بیگز تقسیم کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ خصوصی افراد اور ضرورت مند خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور اس قسم کی سرگرمیاں معاشرے میں ہمدردی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔

پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ سندھ کے جنرل سیکریٹری عمران احمد شیخ نے کہا کہ تنظیم کا مقصد نابینا افراد کی معاونت اور انہیں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے پانچ فیصد معذور افراد کے کوٹے پر مؤثر عملدرآمد کی یقین دہانی بھی حاصل کی۔

تقریب میں اے ڈی سی ون وقاص ملوک، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر طارق رحیم لاکھو، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور دیگر ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ آخر میں عمران احمد شیخ نے ڈپٹی کمشنر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

یہ پروگرام انسانیت کی خدمت اور خصوصی افراد سے یکجہتی کی ایک قابلِ تحسین مثال قرار دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button