ریاست مخالف یا مذہبی انتشار پھیلانے والی پوسٹس لگانے یا شیئر کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر مٹیاری زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے

ھالا (رپورٹ امجد راجپوت\نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایک اہم اجلاس آج لطیف ہال مٹیاری میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی پیک منصوبوں اور وہاں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی، مدارس، مساجد اور درگاہوں کی رجسٹریشن اور سیکیورٹی، غیر ملکی پناہ گزینوں کی بے دخلی، ناجائز تعمیرات کے خاتمے اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی، غیر قانونی، غیر معیاری، کم مقدار میں فروخت کرنے والے اور بغیر لائسنس چلنے والے پیٹرول پمپوں کے خلاف کارروائی، روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات، بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے، بجلی چوری کی روک تھام اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی، پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی، فینسی لائٹس، کالے شیشوں، فینسی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں سمیت نان کسٹم پیڈ گاڑیوں اور بالخصوص غیر قانونی سگریٹوں کے خلاف کارروائی جیسے امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا کہ اگرچہ مٹیاری ایک پُرامن ضلع ہے، تاہم ریاست مخالف یا مذہبی انتشار پھیلانے والی پوسٹس لگانے یا شیئر کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، کیونکہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور ہر شہری کو قانون کی پاسداری کرنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک سہولت گھر قائم کیا جائے گا جہاں مدارس، مساجد اور درگاہوں کی رجسٹریشن، پیٹرول پمپوں اور آٹا چکیوں کو لائسنس کے اجرا سمیت دیگر معاملات ون ونڈو آپریشن کے تحت حل کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام افسران باہمی رابطہ مضبوط رکھیں تاکہ مسائل کو فوری اور مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔

اجلاس میں ایس ایس پی مٹیاری راؤ عارف اسلم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورک ویزا پر مقیم افغان شہریوں کے علاوہ باقی تمام غیر قانونی افغانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس کے لیے نادرا سمیت دیگر اداروں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی تمام برائیوں کا خاتمہ مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔

اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ اور پیش کی گئی تجاویز پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے ہدایت کی کہ تمام محکمے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کام کریں، جس سے اجلاس میں زیرِ غور تمام ایجنڈا نکات پر عمل درآمد میں آسانی ہوگی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون مٹیاری نور احمد کھہرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو مٹیاری اقرا جنت، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مٹیاری ڈاکٹر آصف حسین شاہ، ضلع کے اسسٹنٹ کمشنرز، انچارج اینٹی نارکوٹکس جاوید میمن، انچارج آئی بی رضوان بھٹّی سمیت دیگر متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button